اڈپی6؍نومبر (ایس او نیوز) پڑوسی ریاست گوا کی حکومت نے بیرونی ریاستوں سے آنے والی مچھلیوں میں فارمولین نامی کیمیکل کی موجودگی پر سخت قدم اٹھاتے ہوئے مچھلیوں کی درآمد پر پابندی لگادی ہے۔اس سے خاص کر ساحلی کرناٹکا کے ماہی گیروں اور مچھلی کے تاجروں کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔کیونکہ ساحلی کرناٹک کے مختلف مقامات سے روزانہ ہر ٹرک میں 6سے7ٹن مچھلیوں کے ساتھ 15تا20ٹرک مچھلیاں گوا میں فروخت کی جاتی تھیں۔
خیال رہے کہ حکومت گوا کی طرف سے بیرونی ریاستوں سے فروخت کے لئے لائی جانے والی مچھلیوں کو فارمولین سے پاک رکھنے کی ہدایت جاری کیہے اور اس کے لئے فوڈ اینڈ ڈرگ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے سرٹفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مچھلیاں سپلائی کرنے والے ٹرکس کو انسولیٹ کرنا اوراس میں سے سڑک پر گندا پانی نہ چھوڑنے کا بندوبست کرنا بھی ضروری کیا گیا ہے۔ مچھلی کے تاجروں نے ان قوانین پر عمل کرنے کے لئے کچھ مہلت طلب کی تھی، لیکن حکومت گوا کے افسران سرحد پر ہی چیکنگ کررہے ہیں اور ان کے قوانین کے مطابق عمل نہ کرنے والے ٹرکس کو گوا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔اس وجہ سے ساحلی کرناٹکا کے مچھلیوں کے ٹرکس ماجالی چیک پوسٹ پر قطاردرقطار کھڑے نظر آرہے ہیں۔
اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے’ملپے ماہی گیر ایسوسی ایشن‘ کے صدر ستیش کندر نے کہا کہ :’’ہم نے فارمولین کے تعلق سے ملپے میں مچھلیوں کا معائنہ کیا۔ ابتدا میں تملناڈو سے آنے والی مچھلیوں کے اندر فارمولین پایا گیا ۔ لیکن اب اس کی مسلسل جانچ اور نگرانی کی وجہ سے مچھلیوں کو محفوظ کرنے کے لئے فارمولین کا استعمال مکمل طورپر بند ہوگیا ہے۔ لیکن حکومت گوا کی جانب سے اچانک کیے گئے فیصلے کی وجہ سے ماہی گیر اور تاجروں کوکروڑوں روپوں کا نقصان ہوا ہے۔ ایک تو مانسون اور اس کے بعد طوفان کی وجہ سے سمندر میں ماہی گیری پر پابندی لگی تھی اور گوا کی حکومت کی پابندی سے دوسرا زبردست جھٹکا لگاہے۔‘‘